’’مولانا اقتدار سے محرومی کے درد کا شکار ہیں‘‘

’’مولانا اقتدار سے محرومی کے درد کا شکار ہیں‘‘
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( قذافی بٹ ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پر دم نکلے، مولانا فضل الرحمن اپنے اقتدار سے محرومی کے درد کا شکار ہیں، ابھی صرف ان کی جانب سے گیدڑ بھبھکیاں دی جا رہی ہیں جب ان میں کوئی رنگ نظر آئے گا تو پھر دیکھیں گے۔

ریڈیو پاکستان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت مولانا کے احتجاج سے کوئی پریشان نہیں ہے، مودی نے اپنے دوست کشمیر کاز سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان میں لگا دئیے ہیں، لوٹ کھوسٹ کرنیوالوں سے پوچھ گچھ ضرور ہوگی، مدارس کے بچوں کو ان کی خواہشات کا ایندھن نہیں بننے دینگے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا ملک میں کرپشن کرنیوالوں کی بے چینی اور بے تابی نظر آ رہی ہے، انہیں کسی جگہ سے ریلیف نہ ملنے کی مایوسی پر اب بے چینی اور عدم استحکام پھیلانے کے لیے قدم اٹھا رہے ہیں، ہمارا عزم ملک کی معیشت کی بحالی اور کشمیریوں سے مکمل اظہارِ یکجہتی پر ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان جیسے ادارے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، پرموشن بورڈ اور اس کی ری سٹریکچرنگ کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔