( سعود بٹ ) اسلام آباد کے بائیک رائڈر فیضان حیدر کاظمی کا موٹر سائیکل پر بلوچستان کا سفر مکمل، لاہور پہنچنے پر بائیک رائیڈرز نے استقبال کیا۔
ٹوون سٹی بائیکرز اسلام آباد کے رائیڈر فیضان حیدر کاظمی 16 روز قبل اسلام آباد سے نکلے، پنجاب کے مختلف اضلاع سے ہوتے ہوئے بلوچستان اور سندھ کا دورہ مکمل کرکے واپس لاہور پہنچے۔ فیضان حیدر نے بتایا کہ موٹرسائیکل کے سفر کا مقصد امن کے فروغ کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ فیضان حیدر کاظمی نے کہا کہ 16 روزہ سفر آج شام کو اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگا۔
طویل سفر کرنے والے رائیڈر کا مختلف موٹر سائیکل رائیڈرز کی تنظیموں کے عہدیداران اور ممبران نے استقبال کیا۔ رائیڈ ٹو اینی ویئر کے سربراہ سلمان حمید کھوکھر نے کہا کہ بائیک رائیڈنگ کو قومی کھیل کا درجہ دیا جانا ضروری ہے، بائیک رائیڈنگ کی ترقی کیلئے حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
فیضان کاظمی کا استقبال کرنے والوں میں جواد، بابر، حکیم آصف، سلمان حمید کھوکھر،علی احمد طاہر، ذکاء اللہ قادری، سید ناصر حسین اور طاہر رشید بٹ شامل تھے۔
سیاحت اور امن کو فروغ دینے کیلئے فیضان حیدر کاظمی کا ہزاروں میل کا سفر اس بات کی گواہی ہے۔ بائیک رائیڈنگ کے شعبہ کو حکومتی سرپرستی حاصل ہو تو یہ بائیک رائیڈرز پاکستان کا نام بیرون ملک بھی روشن کر سکتے ہیں۔