(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ بلاول کے بیان کی غلط تشریح کچھ لوگوں کی ضرورت ہے اور ڈوبتی کشتی کو تنکے کا سہارا ہے۔
اسلام آباد ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، بلاول، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن جانتے ہیں کہ یہ کون اورکیوں کرارہا ہے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھاکہ گلگت بلتستان میں یہ دھاندلی کرچکے اور کرنا چاہ رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ عوام کا بیانیہ ہے، ن لیگ نے عوام کی خدمت کی ہے اور میں اسکردو میں لوگوں کے جذبات دیکھ کر آئی ہوں، نواز شریف کا اصل وطن پاکستان ہے اور وہ ضرور واپس آئیں گے۔
واضح رہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے ایجنڈے کی تیاری کے وقت مسلم لیگ (ن) نے جنرل باجوہ یا جنرل فیض کا نام نہیں لیا تھا اور اے پی سی میں یہ بحث ہوئی تھی کہ الزام صرف ایک ادارے پر لگانا چاہیے یا پوری اسٹیبلیشمنٹ پر لگانا چاہیے جس پر فیصلہ ہوا تھا کہ نام اسٹیبلشمنٹ کا لیا جائے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ یہ نہیں چاہتی کہ فوجی قیادت عہدے سے دستبردار ہو جائے یہ نہ تو ہماری قرارداد میں مطالبہ ہے نہ ہی یہ ہماری پوزیشن ہے اور جہاں تک نواز شریف کا تعلق ہے تو وہ تین بار ملک کے وزیر اعظم رہے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ انہوں نے واضح اور ثبوت کے بغیر نام نہیں لیے ہوں گے۔