پنجاب یونیورسٹی کا امتحان منسوخ کرنے سے انکار

پنجاب یونیورسٹی کا امتحان منسوخ کرنے سے انکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ریحان گل ) وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان، پنجاب یونیورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایت آنے تک امتحانات منسوخ کرنے سے انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے تمام شعبہ جات کے چیئرپرسنز، ڈینز، سب کیمپسز کے سربراہان اور ڈائریکٹرز کو مراسلہ بھجوایا گیا ہے۔

مراسلے میں یہ کہا گیا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی واضح ہدایات آنے تک کوئی بھی امتحان منسوخ نہیں کیا جائے گا، تب تک امتحانی شیڈول اور آن لائن کلاسز معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

واضح رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں چھٹیاں بڑھا دی گئیں اور اب اسکول 15 جولائی تک نہیں کھلیں گے۔ یونیورسٹیوں میں داخلے گیارہویں جماعت کے امتحانات کے مطابق ملیں گے۔ اس طرح 9 ویں،10 ویں، 11ویں اور12 ویں جماعت میں پروموشن گزشتہ برس کے رزلٹ پر ہوگی۔

اسی طرح وزیراعظم کے اعلان کے بعد وزیر تعلیم مراد راس نے بھی چھٹیوں میں توسیع سے متعلق ٹویٹ کیا تھا۔ انکا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر چھٹیوں میں مزید 45 روز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

مراد راس کا کہنا ہے کہ بچوں، اساتذہ اور والدین کی زندگیوں کو محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو اگلی جماعت میں پروموٹ کرنے اور بورڈ امتحانات نہ لینے کے حوالے سے جلد نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔