علی اکبر: وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں عسکری و سیاسی قیادت کا لاہور میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاو پر اظہار تشویش ، شہر میں کورونا کا پھیلاؤ روکنےکیلئے علیحدہ پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ، عثمان بزدار کہتے ہیں، لاک ڈاون میں مرحلہ وار نرمی کا فیصلہ سب کی مشاورت سے کیاگیا،عوام کو ذمہ داری کاثبوت دیناہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحٰمن ملک،ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید،چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک، انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیرسمیت مختلف محکموں کے سیکرٹریز، طبی ماہرین اور اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی ۔
اجلاس کے شرکاء نے لاہورمیں کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا ۔لاہور میں کوروناوائرس کا پھیلاوروکنے کیلئےموثر مینجمنٹ کی علیحدہ پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔اس موقع پر فیصلہ کیا گیا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعلقہ انڈسٹری یا بزنس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی.اجلاس میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔
کورکمانڈ لاہورلیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے پنجاب حکومت سے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم آزمائش کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کا فیصلہ سب کی مشاورت سے کیا گیا ہے ،چھوٹی مارکیٹوں اور دکانوں کی زوننگ کر کے کھولنے کی اجازت دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کو شکست دینے کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔شہری جتنی احتیاط کریں گے اتنا ہی محفوظ رہیں گے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔