شہباز تتلہ قتل کیس میں بڑی پیشرفت، مفخر عدیل نے اقبال جرم کرلیا

 شہباز تتلہ قتل کیس میں بڑی پیشرفت، مفخر عدیل نے اقبال جرم کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(یاور ذوالفقار) شہباز تتلہ قتل کیس میں بڑی پیش رفت، پولیس نے ایس ایس پی مفخر عدیل کا چالان سیشن کورٹ میں جمع کروا دیا۔

پولیس کی جانب سے جمع کروائے گئے چالان میں بتایا گیا ہے کہ دوران تفتیش ایس ایس پی  مفخر عدیل نے اقبال جرم کرلیا،  مفخر عدیل نے اپنے دوست شہباز تتلہ کی لاش کیمیکل میں ضائع کی، شہباز تتلہ کی لاش اور کیمیکل کو جس جگہ ضائع کیا  گیا وہاں سے نمونے حاصل کرکے فرانزک کے لیے لیبارٹری بھجوادیئے۔

  چالان میں کہا گیا ہے کہ شہباز تتلہ کو جس جگہ قتل کیا گیا اسکو اچھی طرح دھویا گیا ہے ، مفخر عدیل نے اپنے دوست شہباز تتلہ کو قتل کرنے کی پلاننگ پہلے سے بنا رکھی تھی، مفخر عدیل کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں جو عدالت میں پیش کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پراسکیوشن برانچ چالان کا جائزہ لینے کے بعد چالان کو منظور کرے گی، ایس ایس پی مفخر عدیل کا چالان تھانہ نصیر آباد پولیس نے جمع کروایا۔

واضح رہے کہ ایڈووکیٹ شہباز تتلہ 7 فروری کو گھر سے لاپتہ ہوئے تھے جس کے بعد شہباز تتلہ کے بھائی سجاد احمد کی مدعیت میں نامعلوم افراد پر اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور شہباز تتلہ کے آفس کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جس سے پتہ چلا کہ شہباز تتلہ ایس ایس پی مفخر عدیل کے ساتھ اپنے دفتر سے گیا تھا جس کے بعد مفخر عدیل سے تحقیقات کا آغاز کیا گیا اور اس کے کچھ دیر بعد ہی ایس ایس پی نے عیاشی کے لیے لیا گیا گھر پنجاب کانسٹیبلری کے واٹر باﺅزر اور 10 ملازمین کی مدد سے پانی سے دھلوا دیا اور خود کہیں روپوش ہو گئے۔

  پولیس کو مزید تحقیقات میں پتہ چلا کہ ایس ایس پی شہباز تتلہ کے ساتھ انکا ایک اور ساتھی اسد بھٹی بھی موجود تھا جس کو پولیس نے 15 فروری  کو گرفتار کیا، اسد بھٹی نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ مفخر عدیل نے شہباز تتلہ کو نشہ آور گولیاں کھلا کر موت کے گھاٹ اتارا اور لاش تیزاب کے ڈرم میں گلا کر روہی نالے میں بہا دی۔

اسد بھٹی کے انکشاف کے بعد پولیس نے مفخر عدیل کے والد، والدہ اور بیوی سمیت 14 سالہ بیٹے کو حراست میں لے لیا، جس کے بعد مفخر عدیل نے 9 مارچ کو پولیس کو مجبوراً گرفتاری دی۔

Sughra Afzal

Content Writer