ویب ڈیسک:اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے لئے بلوچستان پولیس کی ٹیم سابق وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری لیکر لاہور روانہ ہوگئی۔
بلوچستان پولیس کی ٹیم چند گھنٹوں میں زمان پارک پہنچ جائے گی۔ عمران خان کے خلاف کوئٹہ کے تھانہ بجلی روڈ میں مقدمہ درج ہے۔ عمران خان کے خلاف درج ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ عمران خان نے زمان پارک میں تقریر کے دوران اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیان دیا تھا، انہوں نے ریاستی اداروں کے افسروں کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کی۔
ایف آئی آر کے متن میں مزید کہا گیا کہ عمران خان نے تقریر کر کے نفرت پھیلائی، ان کی تقریر سے ملکی امن و امان کو شدید خطرات لاحق ہیں، سابق وزیراعظم نے ریاستی اداروں کیخلاف غیر ضروری زبان استعمال کی، عمران خان نے ملک اور اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، ان کی تقریر سے پاکستانیوں کی دل آزاری ہوئی، آئینی اداروں کےخلاف تقریر کرنے پر عمران خان کےخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔