ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

خواتین کی خدمات کے آج اعتراف کا دن ہے، وزیراعظم

خواتین کی خدمات کے آج اعتراف کا دن ہے، وزیراعظم
کیپشن: Shehbaz Sharif
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خواتین کا عالمی دن بین الاقوامی سطح پر خواتین کے معاشرے میں کلیدی کردار کو پہچاننے اور انسانی تہذیب کے ارتقاء میں انکی خدمات کے اعتراف کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ انسانی معاشرے کی ترقی خواتین کے تعمیری کردار کے بغیر ممکن نہ تھی، تحریکِ پاکستان میں فاطمہ جناح ہوں یا بیگم رعنا لیاقت علی خان، محترمہ بینظیر بھٹو شہید ہوں یا ملالہ یوسف زئی، خواتین کا پاکستان کی ترقی اور ارتقاء میں مرکزی کردار کسی قیمت جھٹلایا نہیں جا سکتا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا کہ ہمارے دینِ اسلام نے خواتین کو آج سے 14 سو سال پہلے برابری کے حقوق دیئے، ماں کے قدموں تلے جنت اور بیٹی کو گھر کی رحمت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام خواتین کے وقار کو ماند کیے بغیر انہیں زندگی کے ہر شعبے میں مثبت کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، موجودہ انسانی معاشرہ خواتین کی ہر شعبے میں خدمات کی مثالوں سے بھرا پڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اکیسویں صدی کی دنیا میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ انسانی تہذیب کی ترقی میں مصروفِ عمل ہیں، آج کسی بھی شعبے کو اٹھا کر دیکھ لیں آپ کو خواتین اپنی گھریلو ذمہ داریوں کی احسن طریقے سے انجام دہی کے ساتھ ساتھ ہر شعبے میں قائدانہ کردار میں نظر آئیں گی جو خوش آئند امر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومتِ پاکستان خواتین کو ان کے منصفانہ حقوق کی فراہمی کیلئے ہر وقت کوشاں ہے، پاکستان کی تقریباً نصف آبادی خواتین پر مبنی ہے، آج قوم کی باصلاحیت بیٹیاں، مائیں اور بہنیں باوقار طریقے سے ملک و قوم کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو مزید با اختیار، انکے تحفظ اور منصفانہ حقوق کو یقینی بنانے کیلئے پورے معاشرے کو مل کر کام کرنا ہوگا، اس میں سول سوسائٹی، میڈیا اور حکومت سب کے تعاون سے نہ صرف خواتین کے حقوق اور انکے تحفظ کا عہد کرنا ہوگا بلکہ اس حوالے سے آگاہی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرا اپنے ملک کی باصلاحیت خواتین سے آج کے دن کی نسبت سے یہ وعدہ ہے کہ ہماری حکومت خواتین کے منصفانہ حقوق، انکے تحفظ اور ان کو یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھاتی رہے گی، آپ ملک و قوم کا فخر ہیں اور پاکستان کو ترقی کی منازل طے کرنے کیلئے آپ کی صلاحیتوں اور خدمات کی ضرورت ہے۔