(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے دونوں سینئر رہنماؤں نے عبدالعلیم خان کا نام بطور وزیراعلیٰ پنجاب مسترد کردیا اور کہا عبدالعلیم خان سے بہتر ہے، عثمان بزدار وزیراعلیٰ رہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکو ہٹانے پرتیار ہوگئے، وزیردفاع پرویزخٹک کی سربراہی میں تین سینئر وزراء نے مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الٰہی اور طارق بشیر چیمہ سے ملاقات کی، دوران ملاقات وزراء کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے علیم خان کا نام تجویز کیا گیا تاہم مسلم لیگ (ق) کے دونوں سینئر رہنماؤں نے عبدالعلیم خان کا نام بطور وزیراعلیٰ مسترد کردیا، ق لیگ کے دونوں رہنماؤں نے جواب دیا کہ علیم خان سے بہتر ہے عثمان بزدار وزیراعلیٰ رہیں۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے موجودہ صورتحال میں سینئر قیادت سے آج پھر مشاورت کا فیصلہ کرلیا اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں کو وزیراعظم ہاؤس بلالیا، جس میں پنجاب میں ناراض ارکان اسمبلی کی سرگرمیوں کے تناظر میں مشاورت ہوگی جبکہ اپوزیشن کی ممکنہ تحریک عدم اعتماد ناکام بنانےکی حکمت عملی پرغور ہوگا۔
گذشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پنجاب میں تبدیلی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ عبدالعلیم خان اور ترین گروپ نے پنجاب حکومت پر تحفظات کا اظہار کیا امید کرتا ہوں علیم خان کے تحفظات وزیراعظم دور کریں گے۔