کالج کے طلبامیں جھگڑا، سر پرگولی ماردی

 کالج کے طلبامیں جھگڑا، سر پرگولی ماردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عابد چودھری) باٹا پور میں ایسپائر کالج کے طلباءنے جھگڑے کے دوران فائرنگ کر دی،فائرنگ کی زد میں آنے والے دو طلبا کی حالت تشویش ناک،زخمیوں کوسروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق لاہورمیں علاقہ باٹاپور کے علاقہ رام پورہ میں لڑائی کا واقعہ پیش آیا،ایسپائر کالج کے طلباءنے جھگڑے کے دوران فائرنگ کر دی،فائرنگ کی زد میں آنے والے دو طلبا کی حالت تشویش ناک ہے،زخمیوں کوسروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔فائر لگنے پر ایک نوجوان سٹرک پر گر گیا، سر میں گولی لگنے کی وجہ سے کافی خون بہہ گیا، واقعہ کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی  جبکہ ملزم موقع پر فرار ہوگیا۔ 

پولیس کے مطابق  ایسپائر کالج کے طلباء میں جھگڑے کے دوران عثمان نامی نوجوان نے فائرنگ کردی، جس کی زد میں آکر رمضان اور احد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لئےسروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ رمضان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ایس پی کینٹ محمد اجمل نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا جن کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والے ملزم کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں ۔

واضح رہے کہ معاشرے میں ایسے افسوسناک واقعات رونماں ہورہے ہیں کہ دیکھنے اور سننے والے افسردہ اور ملزمان کو فوری سزا دلانے کا مطالبہ کرتے نظر آتے ہیں، معاشرے کی عمارت  برداشت، رواداری، اخلاقیات، اور محبت کے ستونوں پر کھڑی ہوتی ہے اور جب یہ خصوصیات سماج سے رخصت ہوجائیں تو وہ تباہی کی طرف تیزی سے گامزن ہوجاتا ہے، یہی گمبھیر صورت حال ہمارے معاشرے کو بھی درپیش ہے جہاں عدم برداشت کا رجحان اس سُرعت سے فروغ پارہا ہے کہ جس کی کوئی حد نہیں۔

عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے خوفناک رحجان کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں تشدد کے واقعات میں بھی اضافہ ہورہا ہے، یوں دکھائی دیتا ہےجیسے  افراد کی اکثریت کی قوت برداشت ختم ہوچکی ہے اور رواداری جیسی اعلیٰ صفت معاشرے سے عنقا ہوچکی ہے۔

معاشرے کے بگڑتے ہوئے حالات کے بارے ماہرین نفسیات نے اپنے رائے دیتے ہوئے کہا کہ عدم برداشت کسی بھی جرم کی سب سے بنیادی وجہ ہے،  اگر صرف برداشت کی صلاحیت کو مضبوط کر لیا جائے تو کسی بھی معاشرے سے 90فیصد جرائم کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ یہ بات حقیقت کے بالکل قریب ہے کیونکہ ہر جرم کی داستان کے پیچھے عدم برداشت کا عنصر نمایاں نظر آتا ہے۔ 

M .SAJID .KHAN

Content Writer