ملک اشرف: مسلم لیگ (ن) کے رہنماء کیپٹن (ر) محمد صفدر نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا، عدالت نے نیب کو 29 مارچ تک کیپٹن (ر)صفدر کو گرفتار کرنے سے روک دیا اور چیئرمین نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دورکنی بنچ نے کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ کیپٹن صفدر اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے نیب لاہور کی جانب سے 10مارچ کو طلبی کے نوٹس کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔
درخواستگزارنے موقف اختیار کیا کہ نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں دس مارچ کو طلب کررکھا ہے۔ آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری نیب پشاور میں بھی زیر التوا ہے، پشاور ہائیکورٹ میں عبوری ضمانت دائر کررکھی ہے، ایک ہی معاملہ پر دو صوبوں میں انکوائری نہیں چل سکتی، سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
درخواستگزارنے استدعا کی کہ عدالت نیب لاہور کو گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دے۔مزید استدعا کی گئی کہ عدالت ضمانت قبل از گرفتاری کنفرم کرنے کا حکم دے۔
دوسری جانب آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس پر تحقیقات کی ابتدائی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔ ذرائع کے مطابق نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں کیپٹن (ر)صفدر کے خلاف شکایت کا اندراج 2020 میں کیا گیا، ہیڈ کوارٹر نے کیس نیب لاہور کو تحقیقات کیلئے ریفر کیا جس کا ریکارڈ واپس ہیڈ کوارٹر بھجوایا جائے گا۔ شکایت گزار کا کہنا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر نے مریم نواز کے نام پر لاہور میں مبینہ اربوں روپے کے اثاثے بنائے۔
ذرائع کے مطابق نیب نے کیپٹن صفدر کی پراپرٹیز کی ابتدائی تفصیلات متعلقہ پٹواری اور ریونیو آفس سے حاصل کرلیں، اراضی کی خرید و فروخت کے حوالے سے کیپٹن(ر) صفدر کے بنک اکاؤنٹس کا ابتدائی ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا، رائیونڈ میں واقع فلور مل شیئرز کا ریکارڈ سکیورٹی ایکسچینج کمیشن سے حاصل کیا گیا۔ موضع مال، سلطان کے، کماس، بدوکی ثانی، لکھووال اور رائیونڈ میں سینکڑوں کنال اراضی خریدی گئی، کیپٹن (ر) صفدر کو طلبی کا سمن بھجوا دیا گیا ہے، پیشی پر سوالنامہ دینے کے حوالے سے غور شروع ہے۔
نیب نے کیپٹن صفدر کے مبینہ فرنٹ مین کےنام پراپرٹیز کی تفصیلات فراہم کرنےکی ہدایات بھی جاری کرتے ہوئے سندرانڈسٹریل اسٹیٹ کے قریب کیپٹن صفدر کے نام فلورمل کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔