(عرفان ملک) خواتین کے عالمی دن پرچیف ٹریفک آفیسر نے ماتحت خواتین پرتنقید اورطنزکے نشتربرسادیے، لیڈی وارڈنز کی ریلی بھی دو گھنٹے انتظار کے بعد موخر کردی گئی۔
خواتین کا عالمی دن، لیڈی وارڈنز نےطنزیہ جملوں اور تنقید کے تیروں کے ساتھ منایا، قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز میں تقریب کا اہتمام تو خواتین وارڈنز کے اعزاز میں کیا گیا لیکن چیف ٹریفک آفیسرکی تقریر نے گویا معنی ہی تبدیل کردیئے۔ میرے تبادلے کی دعائیں کام آئیں نہ سوشل میڈیا پہ میرے خلاف مہم جوئی کامیاب ہوئی، جیلوں میں بے موت مرنے والے مردوں کی بات بھی ہونی چاہیئے۔ خواتین وارڈنز سی ٹی او ملک لیاقت کی تقریر سن کرمحظوظ ہوئیں یا شرمندہ ؟؟ یہ اندازہ انہی کو ہوگا۔
پریس کلب سے نکلنے والی ہیوی بائیکس ریلی بھی طویل انتظار کے بعد منسوخ کردی گئی، بالآخر لیڈی وارڈنز کے لئے کھڑی بائیکس پہ مرد وارڈنزسوار ہوکر چلتے بنے۔