(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود جواب جمع نہ کرانے پر ایل ڈی اے کو 10 ہزار روپے جرمانہ کرتے ہوئے ڈی جی ایل ڈی اے کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس عائشہ اے ملک نے نیوگارڈن ٹاؤن کے رہائشی غلام عباس کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 35 سال قبل ایل ڈی اے نے نیو گارڈن ٹاؤن کےعلی بلاک میں پلاٹ نمبر141 الاٹ کیا، آباؤ اجداد کے انتقال کے بعد پلاٹ ورثاء کو منتقل کردیا گیا۔ ایل ڈی اے نے 29 اپریل 2015 کو پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کردی۔ ایل ڈی اے کے اس اقدام کے خلاف 2017 میں ہائیکورٹ سےرجوع کیا، پلاٹ منسوخی کے خلاف ڈی جی ایل ڈی اے کو درخواستیں دیں مگر شنوائی نہیں ہورہی، جواب جمع نہ کرانے پر ہائیکورٹ نے ایل ڈی اے افسران کو دس ہزار روپے جرمانہ بھی کیا جو تاحال جمع نہیں کرایا گیا۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت ایل ڈی اے کے پلاٹ منسوخ کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے، عدالت نے جواب جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی ایل ڈی اے آمنہ عمران کو 9 اپریل کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔