مانیٹرنگ ڈیسک: انسداد دہشت گردی عدالت نے خدیجہ شاہ سمیت دیگر خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پولیس نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد خدیجہ شاہ سمیت دیگر خواتین ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا۔ دوران سماعت عدالت نے پولیس کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خدیجہ شاہ ،صنم جاوید سے جسمانی ریمانڈ کے دوران ڈنڈا برآمد کروا لیا ہے۔ صنم جاوید سمیت دیگر خواتین نے پیٹرول بم کا استعمال کیا ۔ خواتین سے پیڑول بم برآمد کرانا مقصود ہے ۔
سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ عدالت گرفتار خواتین کا جسمانی ریمانڈ فراہم کرنے کا حکم دے ، جس پر جج نے استفسار کیا کہ آپ نے پہلے جسمانی ریمانڈ میں پیٹرول بم کا نہیں لکھا تھا، آج آپ لکھ کر لے آئے ۔
بعد ازاں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے خدیجہ شاہ سمیت دیگر خواتین ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔