علی رامے:پنجاب میں کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے سستی بولی دینے والی کمپنی اے جے ایم فارما ہاتھ کھڑے کرگئی، ڈیڑھ ارب روپے مالیت کی ویکسین کا ٹھیکہ اب مہنگی بولی دینے والی کمپنی کو دینا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت ڈیڑھ ارب روپے کی مالیت سے کورونا کی دس لاکھ ڈوز خریدنا چاہتی ہے، جس کے لئے دو ملکی کمپنیاں بڈ ڈالنے میں کامیاب رہیں، تاہم ان دو کمپنیوں میں سے سب سے سستی بولی اے جے ایم فارما کراچی نے دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اے جے ایم فارما نے فی کس مریض 3590 روپے میں کینسینو ویکسین کی خریداری کے لئے بڈ دی، لیکن اچانک ہاتھ کھڑے کردئیے ہیں۔ کمپنی پنجاب حکومت کو ویکسین کی فراہمی کا کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکی۔
دوسری جانب اب مہنگی بولی دینے والی دوسری کمپنی ایم ایس وریٹرون نے جون میں ویکسین کی ایک لاکھ ڈوز کی فراہمی کے لئے حامی بھر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق مہنگی بولی دینے والی کمپنی ایم ایس وریٹرون نے فی کس مریض 6 ہزار روپے میں سائنوفام ویکسین کی خریداری کیلئے بڈ دی۔ پنجاب حکومت کے پاس اب ویکسین کی خریداری کے لئے ایک کمپنی رہ گئی ہے۔
سستی بولی دینے والی کمپنی کی موجودگی میں مہنگی بولی دینے والی کمپنی ایم ایس وریٹرون لاہور کو ٹھیکہ دینے کے لئے پیپرا قوانین سے چھوٹ لینا لازم ہو گا، جس کے لئے پنجاب حکومت نے محکمہ صحت کے افسروں پر ذمہ داری ڈال دی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ حکومت کو اب پیپرا قوانین سے چھوٹ لے کر ٹھیکہ مہنگی بولی دینے والی کمپنی کو دینا ہوگا یا پھر یہ ٹینڈر دوبارہ سے جاری کرنا ہوگا، جس سے کورونا ویکسین کی خریداری میں مزید تاخیر ہوسکتی ہے۔