عثمان علیم: مویشیوں کو لانے والی گاڑیوں کیلئے ملتان روڈ کی ایک لین مختص کی جائے گی، کمشنر نے احکامات دے دیئے، کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کہتے ہیں ٹریفک کی روانی یقینی بنائی جائے گی، شاہ پور کانجراں مویشی منڈی کی خوردپور میں منتقلی کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کی زیر صدارت مویشی منڈیوں کے مسائل کے بارے میں اجلاس ہوا۔ ایڈیشنل کمشنر امان انور قدوائی، اے سی رائیونڈ عدنان رشید ، اے سی جی عثمان جلیس، ایم ڈی منڈی ریحان علی، ایم او ریگولیشن محمد زبیر وٹو سمیت موٹر وے پولیس اور ٹریفک پولیس افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں شاہ پور کانجراں منڈی کے باہر درپیش مسائل کے متعلق خصوصی طور پر تفصیلی بریفگ دی گئی۔
کمشنر کا کہنا تھا کہ ملتان روڈ پر جانوروں کو لانے والی گاڑیوں کے باعث ٹریفک روانی متاثر نہیں ہونی چاہئیے، منڈی کے باہر گاڑیوں کیلئے ابتدائی طور پر ملتان روڈ کی ایک لین مختص کیجائے، شاہ پور کانجراں منڈی کی مستقل منتقلی سے قبل خوردپور میں اس کی عارضی شاخ قائم کی جائے۔ قربانی کے جانوروں کو شاہ پور، این ایف سی اور مانگامنڈی لیجانے کیلئے باقاعدہ کیمپ لگایا جائے۔غیرقانونی مویشی منڈیوں کیخلاف سخت ایکشن ہوگا۔
اے سی رائیونڈ کی سربراہی میں موٹروے پولیس،ٹریفک پولیس،ایم سی ایل ،منڈی انتظامیہ کی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ کمیٹی بدھ سے قبل خوردپور کا دورہ کر کے منتقلی کے قواعد و ضوابط پیش کرے گی۔ کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس،ٹریفک پولیس اور منڈی انتظامیہ ملتان روڈ پر انلوڈنگ کو روکے گی۔ منڈی اور عارضی منڈیوں کے گرد ٹریفک ریگولیٹ کیلئے باقاعدہ اہلکار تعینات کیے جائیں۔
دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے صوبے کے تمام کمشنرز کو بکر منڈیوں کی نگہداشت کرنے اور دورے کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ بکر منڈیوں میں کورونا ایس او پی کو چیک کیا جائے، بیوپاریوں اور خریداروں کیلئے دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا جائے۔چیف سیکرٹری نے محکمہ بلدیات کو بھی بکر منڈیوں کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ آئی اینڈ سی نے اس حوالے سے مراسلہ کمشنرز کو جاری کر دیا ہے۔