سپورٹس ڈیسک: انگلینڈ اورپاکستان کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریزکا پہلا میچ آج کارڈف میں ہوگا۔ پاکستان سینتالیس سال سے انگلینڈ کیخلاف اس کے ملک میں کوئی ون ڈے سیریزنہیں جیت سکا۔
کارڈف میں کھیلا جانے والا پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے شروع ہوگا۔ قومی ٹیم نے میچ سے پہلے جم کرپریکٹس کی۔ تین کھلاڑیوں اورچاراسٹاف ممبرزکا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انگلینڈ نے اپنی نئی ٹیم میدان میں اتاری ہے۔ شاہینوں کے پاس 47 سال بعد انگلینڈ میں سیریزجیتنے کا شاندارموقع ہے۔ پاکستان کےخلاف انگلینڈ نے 11 میں سے 9 سیریزجیت رکھی ہیں۔ پاکستان نے انگلش سرزمین پراپنی واحد سیریز 1974 میں جیتی تھی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کہتے ہیں کہ انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پرمایوسی ہوئی تاہم میزبان ٹیم کے نئے اسکواڈ کوبھی آسان حریف نہیں سمجھیں گے۔
ورلڈکپ سپرلیگ پوائنٹس ٹیبل:
دوسری جانب پاکستان ورلڈکپ سپرلیگ کے پوائنٹس ٹیبل پرٹاپ پوزیشن بھی حاصل کرسکتا ہے۔ اس وقت ٹیبل پرتیسرے نمبرپرموجود پاکستان کے چالیس اورورلڈچیمپئن انگلینڈ کے 65 پوائنٹس ہیں۔
ہیڈٹو ہیڈ ریکارڈ:
پاکستان اور انگلینڈ کے مابین اب تک 88 ایک روزہ میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے انگلینڈ نے 53 جبکہ 32 میچز میں پاکستان نے کامیابی سمیٹی ہے۔ 48 میچز انگلینڈ میں کھیلے گئے جن میں سے 30 انگلینڈ اور 16 پاکستان نے جیتے جبکہ پاکستان میں 19 میچز کھیلے گئے 10 میں پاکستان فتح یاب رہا جب 9 میچز انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے جیتے۔
ٹاپ بیٹسمن:
حالیہ اسکواڈ میں پر نظر دوڑائی جائے تو دونوں ٹیموں میں بین اسٹوکس پاکستان کے خلاف 377 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد انگلینڈ کے خلاف 655 رنز بنا کر نمایاں ہیں۔
ٹاپ فیلڈر:
اس کے ساتھ ساتھ بین اسٹوکس نے پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ 6 کیچز تھامے ہیں اور سرفراز احمد انگلینڈ کے خلاف 11 کیچز تھام کر سرفہرست ہیں۔
ٹاپ باؤلر:
سب سے زیادہ وکٹوں کی بات کی جائے تو پاکستان کی جانب سے حسن علی انگلینڈ کے خلاف 14 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں انگلینڈ کی جانب سے ڈینی برگز نے پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔