لاک ڈاؤن علاقوں کی مانیٹرنگ، ضلعی انتظامیہ کو 20 کروڑ کا بل تھما دیا گیا

 لاک ڈاؤن علاقوں کی مانیٹرنگ، ضلعی انتظامیہ کو 20 کروڑ کا بل تھما دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

لوئر مال (عثمان علیم) لاہور میں لاک ڈاؤن کیے گئے علاقوں کی مانیٹرنگ کیلئے استعمال ہونے والی گاڑیوں کے بقایا جات ضلعی انتظامیہ سے مانگ لیے گئے، 128 گاڑیوں کے رینٹ اور پٹرول کی مد میں20 کروڑ کا بل ضلعی انتظامیہ کو تھما دیا گیا، سٹی 42 نے کھوج لگا لیا۔

ذرائع کے مطابق  واجبات کی ادائیگی کیلئے ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے حکومت سے 20 کروڑ کی ڈیمانڈ کی جس پر حکومت نے ڈپٹی کمشنر کو20 کروڑ کے فنڈز بلاک ایلوکیشن میں سے جاری کرنے کی منظوری دے دی، مذکورہ فنڈز24 مارچ تا 5 جون لاک ڈاؤن کیے گئے علاقوں میں مانیٹرنگ کیلئے استعمال ہونے والی گاڑیوں کے رینٹ اور پٹرول کی مد میں دیئے جائیں گے۔

لاک ڈاؤن مانیٹرنگ میں استعمال ہونیوالے 96  ڈبل کیبن ڈالوں کا بل رینٹ اور پٹرول ملا کر15  کروڑ دس لاکھ، 12 شاہ زور پٹرول اور رینٹ مل کر ایک کروڑ میں پڑے جبکہ لاک ڈاؤن کی مانیٹرنگ میں استعمال ہونے والی 20 نان اے سی گاڑیاں رینٹ اور پٹرول ملا کر ضلعی انتظامیہ کو تین کروڑ میں پڑ گئیں۔

یاد رہے کہ لاہور کےکورونا وائرس سے متاثرہ  68 علاقے سیل کیے گئے تھے ان علاقوں میں کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد  کیلئے 3000 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے،   کورونا کیسز میں کمی کے بعدسیل شدہ علاقوں کو کھول دیا گیا تھا، ان علاقوں سے پولیس کی نفری بھی  ہٹالی گئی۔

واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت میں کورونا کے مریض بتدریج کم ہورہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں  کورونا کے 334 نئے کیسز جبکہ 5 اموات کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد لاہور میں کورونا سے مجموعی طور پر 725 اموات ہوچکی ہیں اور کیسز کی تعداد 42998 ہوگئی ہے۔

  محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب میں مشتبہ مریضوں کی تعداد 5لاکھ 86ہزار 113ہے ،جبکہ صوبے میں کنفرم کورونا مریضوں کی تعداد83ہزار 599 ہو چکی ہے، پنجاب میں اب تک کوروناوائرس کے باعث 1 ہزار 929 مریضوں کی اموات ہو چکی ہیں، جبکہ پنجاب میں 50ہزار916مریضوں نےوائرس کو شکست دی ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer