(بسام سلطان)ملک بھر میں سات روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا، جو دو مرحلوں میں مکمل کی جائے گی ۔
قومی پولیو مہم کا پہلا ملک گیر مرحلہ 14جنوری تک چلایا جائے گا جبکہ دوسرا مرحلہ 15سے 19 جنوری تک لکی مروت، جنوبی وزیرستان میں جاری رہے گا۔
وزارت صحت کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں پولیو مہم کے دوران 1 کروڑ 31لاکھ سے زائد بچوں کو ہدف بنایا جائے گا۔پنجاب میں 2کروڑ 30لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 26لاکھ 10ہزاربچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہوگی۔اسلام آباد ،آزادکشمیر اورگلگت بلتستان میں14لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے دیئے جائیں گے ۔مہم کیلئے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جاکربچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی ۔
وزارت صحت کاکہنا ہے کہ پولیو وائرس کمزور قوت مدافعت کے حامل بچوں کو فوری نشانہ بناتا ہے ،بچوں کو وائرس اور معذوری سے بچانے کا واحد طریقہ پولیو ویکسی نیشن ہے، والدین ہر مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں اور اس مرض سے نجات کے لئے حکومت کا ساتھ دیںکیونکہ فیصلہ آج کرنا ہےاگر کل بچےکو چلنا ہے۔