پولیس کا اسلحہ دکانوں پر فروخت ہونے لگا

پولیس کا اسلحہ دکانوں پر فروخت ہونے لگا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عرفان ملک) پولیس کا اپنا اسلحہ ہی غیر محفوظ، 2018ء میں چیک ری پبلک سے منگوائی گئی نائن ایم ایم کی گولیاں لاہور سمیت شیخوپورہ کے اسلحہ ڈیلر فروخت کرنے لگے،آئی جی کی ہدایت پر سی آئی اے نے نیلا گنبد سے اسلحہ ڈیلر سمیت پی سی فاروق آباد کے تین اہلکار حراست میں لے لئے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں پی سی فاروق آباد سے اسلحہ چوری ہو کر فروخت ہونے لگا، ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کو اطلاع ملی تھی کہ محکمہ پولیس کے لیے امپورٹ کی جانے والی گولیاں لاہور کے مختلف علاقوں میں فروخت ہو رہی ہیں جن کی پیکنگ بھی تبدیل کردی جاتی ہے، سی ٹی ڈی نے آئی جی کو رپورٹ بھی بھجوائی، جس کے بعد آئی جی نے سی آئی اے پولیس کو معاملہ کی انکوائری کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

سی آئی اے پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں اور حیدرآرمز نیلا گنبد اور شاہدرہ میں اسلحہ ڈیلر سے33 ہزار سے زائد محکمہ پولیس کی گولیاں برآمد کر لیں۔

پولیس کے مطابق ابتک کی تحقیقات میں اسلحہ ڈیلروں سمیت پی سی فاروق آباد میں اسلحہ ڈپو پر تعینات تین اہلکاروں کو حراست میں لے لیا جو 2005ء سے اسلحہ ڈپو میں تعینات تھے، برآمد ہونیوالی گولیوں کی قیمت لاکھوں روپے تھی جبکہ لاہور میں یہ گولیاں  80روپے فی کس کے حساب سے فروخت کی جا رہی تھیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزموں نے دوران تفتیش پولیس کے بریٹا پسٹل اور کلاشنکوف کی گولیوں کو بھی فروحت کرنے کا انکشاف کیا۔

Sughra Afzal

Content Writer