عمر اسلم: چند رائے روڈ کی خستہ حالت اور ڈرائیور کی غفلت، گجر کالونی کے نالے میں مسافر بس گرنے سے دو خواتین اور ایک شخص جاں بحق ہو گئے، بس میں سوار افراد عزیز کے جنازہ میں شرکت کیلئے والٹن روڈ جا رہے تھے، لیکن تین بدقسمت مسافروں کے اپنے کفن تیار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خستہ حال سڑک اور معمولی چندرائے روڈ گجر کالونی کے سامنے نالے میں بس گر گئی۔چھانگا مانگا پھیلانی گاؤں کے مکین بس میں سوار تھے جو والٹن روڈ پر قریبی عزیز کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے جارہے تھے۔ حادثے میں دو خواتین نجمہ، نسرین اور پچاس سالہ طفیل موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ پانچ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
عینی شاہد کے مطابق بس ڈرائیور نے تیز رفتار کار کو بچانے کی کوشش کی۔ غیر ہموار سڑک پر بس توازن نہ رکھ سکی اور نالے میں جا گری۔ امدادی ٹیموں ںے مسافروں کو فوری ریسکیو کیا جبکہ ڈھائی گھنٹے کی کوشش کے بعد بس کو بھی نالے سے نکال لیا گیا۔
چندرائے روڈ کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ناہموار سڑک اکثر حادثات کا باعث بنتی ہے لیکن اس طرف کوئی توجہ نہیں دیتا۔ مقامی رہائشیوں نے حادثات کے سدباب کیلئے سڑک کے دونوں اطراف حفاظتی جنگلہ لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹریفک حادثات کی سب سے بڑی وجہ تیزی رفتاری اور غیر محتاط ڈرائیونگ ہے، افسوسناک امر یہ ہے کہ پاکستان میں روڈ اینڈ سیفٹی ایکٹ موجود ہونے کے باوجود اس کا اطلاق نہیں کیا جاتا۔ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں ٹریفک حادثات کی وجہ سے سالانہ دس لاکھ افراد جاں بحق اور 50 لاکھ شدید زخمی ہوجاتے ہیں۔ڈرائیونگ کے دوران ذرا سی بے احتیاطی کسی بھی حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔