( عرفان ملک) اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف سٹی ڈویژن نے لاہور میں منشیات سپلائی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، ایمبولینس کے خفیہ خانوں سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی ایس پی اے وی ایل ایس سلیم مختار بٹ کے مطابق انہیں اطلاع ملی کہ شہر میں بھاری مقدار میں منشیات کی سپلائی لائی جا رہی ہے جس کے لیے شاہدرہ راوی پل کے قریب ناکہ بندی کی گئی، اس دوران مشکوک ایمبولینس کو دیکھ کر روکا گیا جس سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ایمبولینس سے 30 لاکھ مالیت کی 29 کلو چرس اور 3 کلو افیون برآمد ہوئی جس پر ملزم نثار احمد کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایمبولینس قبضہ میں لے لی گئی۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان پشاور سے منشیات سمگل کرکے پنجاب کے مختلف اضلاع میں آرڈر پر سپلائی کرتا تھا اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزاد کشمیر کی ایمبولینس کو منشیات سپلائی کے لیے استعمال کرتا تھا۔