ن لیگ کا پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا عندیہ

ن لیگ کا پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا عندیہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ( علی اکبر ) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مصالحت کی کوششوں کو بڑے دھچکے کا خدشہ، قائمہ کمیٹیوں کا معاملہ حکومت کے غیر پارلیمانی رویے کی بھینٹ چڑھنے لگا، ن لیگ نے پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹیوں سے بھی مستعفی ہونے کا عندیہ دے دیا۔

مسلم لیگ ( ن) کی جانب سے قائمہ کمیٹیوں کے معاملے پر حکومت پر مزید دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ن لیگ نے پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹیوں سے بھی مستعفی ہونے کا عندیہ دے دیا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی خواہش تھی کہ قائمہ کمیٹیوں کے معاملے پر حکومت اور ن لیگ کے درمیان ڈیڈ لاک کا خاتمی کیا جائے اور باہمی افہام وتفہیم کے ساتھ معاملے کا حل نکالا جائے مگر حکومت کے غیر پارلیمانی رویے کے باعث سپیکر کی کاوشوں کو نقصان کا اندیشہ ہے۔

ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی سمیع اللہ خاں کا کہنا تھا کہ سپیکر کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ حکومت کے غیر پارلیمانی رویے کے باعث حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ نہیں بن پا رہی۔ ہمارے مستعفی ہونے کے بعد قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس غیر اخلاقی اور پارلیمانی روایات کے برعکس ہے۔ حکومت کی جانب سے ہونے والی قانون سازی پر سوالیہ نشان اٹھتے ہیں۔

سمیع اللہ خاں کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ بالکل جائز ہے کہ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کو پی اے سی کا چئیر مین بنایا جائے مگر حکومتی رویے کی بے حسی کے باعث ایسا نہیں ہو رہا، سپیکر سے ملاقات کرکے درخواست کریں گے کہ ہمارے استعفے منظور کیے جائیں۔