( سٹی 42 ) بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کی انکوائری ایف آئی اے لاہور کے سپرد کر دی گئی، ایف آئی اے لاہور نے بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام میں سرکاری افسران کو نوازنے کے حوالے سے انکوائری کا آغاز کر دیا۔ گریڈ سترہ سے بیس تک کے افسران اور ان کی بیویوں کا ریکارڈ بھی گھنگالا جائے گا۔
بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام میں سرکاری افسران کو نوازنے کے حوالے سے حکومت کی جانب سے باقاعدہ انکوائری ایف آئی اے لاہور کو سونپ دی گئی ہے، سرکاری افسران کی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ اعلیٰ افسران کو بھجوائی جائے گی۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے زون ون ابتدائی طور پر گریڈ سترہ سےگریڈ بیس کے افسران سے انکوائری کریں گے۔ جن افسران سے انکوائری کی جائے گی ان میں دس گریڈ سترہ، دو گریڈ اٹھارہ، تین گریڈ انیس اور ایک گریڈ بیس کے افسران اس پروگرام سے نوازے گئے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ ان تمام افسران کے فارن اکاؤنٹس سمیت تمام اثاثوں کا بھی آڈٹ کیا جائے گا۔
واضح رہے حکومت کی جانب سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن سامنے آنے پر انکوائری کرنے کے احکامات دیئے گئے تھے، جس سے متعدد سرکاری افسران استفادہ حاصل کر رہے تھے۔ سرکاری افسران نے بیویوں کے نام پر پیسے وصول کیے، بلوچستان میں سب سے زیادہ سرکاری افسران پروگرام سے مستفید ہوئے۔