( ملک اشرف ) واٹرمینجمنٹ کے کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ نے سیکرٹری زراعت کو ملازمین کی اہلیت کا جائزہ لے کر مستقل کرنے کا حکم، عدالت کا مستقل کرکے عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیدیا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے عبدالغفار سمیت دیگر ملازمین کی درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے درخواستیں نمٹا دیں۔ درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ 14 سال سے محکمہ واٹرمینجمنٹ میں کنٹریکٹ ملازمین کی حیثیت سے کام کررہے ہیں، حکومتی پالیسی کے مطابق ہمیں مستقل نہیں کیا جارہا۔ درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ عدالت کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم دے۔
اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے موقف اختیار کیا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق مستقل نہیں کیا جاسکتا، ملازمین نے کنٹریکٹ کے معاہدے پر رضامند ہو کر ملازمتیں حاصل کیں، اب وہ مستقل ہونے کا استحقاق نہیں رکھتے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔