(ویب ڈیسک) مبینہ طور پر عمران خان کی گھڑی خریدنے والے تاجر محمد شفیق کا تہلکہ خیز بیان سامنے آگیا۔ انہوں نے کہا کہ انکار کرتا ہوں کہ میں نے کوئی گھڑی خریدی، میرا اس سارے معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔
توشہ خانہ گھڑی کے مبینہ خریدار تاجر محمد شفیق نے اپنے بیان میں کہا کہ ایف سیون، سپر مارکیٹ گول مارکیٹ میں میری دکان تھی، مجھے ہر طرف سے پریشائی ہوئی، میرا اس سارے معاملے سے کوئی تعلق نہیں، میں ان باتوں کی تردید کرتا ہوں۔
تاجر محمد شفیق کا کہنا تھا کہ نہ میں نے کوئی گھڑی خریدی اور نہ ہی میرا اس سے کوئی تعلق ہے، نہ وہ میرا بل، نہ دسخط، اور نہ ہی میری لکھائی ہے، میں خاصے عرصے سے خاموش تھا کہ معاملہ ختم ہوجائے گا، اگر مجھے اس معاملے میں گھسیٹا جائے گا تو قانونی کارروائی کروں گا، میری اسٹیمپ وغیرہ کا غلط استعمال ہوا ہے، یہ جو میرا نام سیاسی طور پر لیا جا رہا ہے، اس کی تردید کرتا ہوں۔
دوسری جانب عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری کی آڈیو لیک ہوگئی۔ بشریٰ بی بی فون کال میں زلفی بخاری سے کہتی ہیں کہ آپ کیسے ہیں، جس پر زلفی بخاری نے کہا کہ میں ٹھیک ہوں مرشد آپ کیسی ہیں، بشریٰ بی بی نے کہا کہ جی ٹھیک ہوں الحمداللہ۔
بشریٰ بی بی نے پوچھا کہ خان صاحب کی کچھ گھڑیاں ہیں، خان صاحب نے کہا ہے آپ کو بھیج دوں، آپ ان کو کہیں بیچ دیں، کیوں کہ وہ ان کے استعمال کی نہیں ہیں۔ جس پر ذلفی بخاری نے کہا کہ جی ٹھیک ہے۔