(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا جلسہ نہیں روکیں گے، اپوزیشن تصادم چاہتی ہے مگر انہیں موقع فراہم نہیں کریں گے، مینار پاکستان پر 10 جلسے بھی کر لیں، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
حکومتی و پارٹی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے، احتساب پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کروں گا چاہے حکومت بھی چلی جائے، جلسہ نہیں روکیں گے، جلسے کیلئے خدمات فراہم کرنے والوں کے خلاف مقدمات قائم کیے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران پنجاب حکومت کی ترجمان فردوس عاشق اعوان کی فٹبال کک اور جوڈو کا بھی تذکرہ ہوا، وزیراعظم نے کہا فردوس عاشق اعوان پنجاب جا کر بہت متحرک ہو گئی ہیں، تحریک انصاف کو اسی جنون کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سرکاری زمینوں پر قبضے کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ قبضہ مافیا کے پیچھے سیاسی لوگوں کا ہاتھ ہے، سارے مل کر زور لگا رہے ہیں کہ حکومت چلی جائے اور ان کی چوری بچ جائے، کسی سیاسی یا قبضہ مافیا کو این آر او نہیں ملے گا۔
خیال رہے کہ اپوزیشن کے حکومت مخالف سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ ( پی ڈی ایم) نے 13 دسمبر کو لاہور میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم حکومت پنجاب نے پی ڈی ایم کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔