ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈولفن اہلکار شہید

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈولفن اہلکار شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عابد چوہدری ) باغبانپورہ میں محمود بوٹی بند روڈ پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ڈولفن سکواڈ کے اہلکار کو شہید کردیا، پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لئے علاقے کا محاصرہ کرلیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور آئی جی شعیب دستگیر نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔

تفصیلات کے مطابق ڈولفن باغبانپورہ 362 کی ٹیم محمود بوٹی بند روڈ کے قریب معمول کے گشت پر تھی، اس دوران انھوں نے ایک مشتبہ موٹرسائیکل کو رکنے کا اشارہ کیا، مشکوک افراد نے ڈولفن فورس کی ٹیم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں گولی ڈولفن اہلکار محسن علی کے سر میں لگی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا، اسے ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔

شہید محسن علی نے چار نومبر 2016 کو ڈولفن پولیس جوائن کی تھی، وہ 9 بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا اور دو ماہ کے بیٹے کا باپ تھا۔

پولیس کے مطابق حملہ آور موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے، جن کی تلاش کے لئے پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر لیا، لیکن ملزمان قابو نہ آئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے ڈولفن اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او ذوالفقار حمید سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔