(سٹی 42) باغوں کا شہر بڑی تباہی سے بچ گیا، سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے لاہور میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ( سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر فیروز والا میں ایک گھر پر چھاپہ مارا تو دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی فورس پر فائرنگ کر دی ،جس پر سی ٹی ڈی نے بھی فائرنگ کی، جوابی فائرنگ میں تینوں دہشتگرد مارے گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگرد فیروز والا میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے، تینوں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق افغانستان سے تھا، حملہ آروں سے خود کش جیکٹ، افغان تذکرہ کارڈ ، تین ہینڈ گرنیڈ، دو کلاشنکوف اور دیگر بارودی مواد برآمد ہو ا ہے، دہشتگرد محرم الحرام میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، دہشتگردوں نے اہم شخصیات کو ٹارگٹ کرنا تھا۔
سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونیوالوں میں احسان اللہ، نعمت اللہ، عبد اسلام شامل ہیں، دہشتگردوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کا آغاز کر دیا۔