چئیرمین سینیٹ کا الیکشن رکوانے کی پی ْٹی آئی کی درخواست ہائی کورٹ نے مسترد کر دی

Islamabad High Court, Senate of Pakistan, Chairman Senate Election, City42, PTI,
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کی جانب سے کل منگل کے روز  چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن رکوانے کی درخواست مسترد کردی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کے پانچ سینیٹرز ڈاکٹر زرقا سہروردی، فلک ناز، فوزیہ ارشد، سیف اللہ نیازی اور سیف اللہ ابڑو کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ کے پی میں سینیٹ نشستوں پر الیکشن کا شیڈول جاری کیا جائے اور خیبر پختونخوا کی سینیٹ نشستوں کے انتخاب تک چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب روکا جائے۔ 

رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کیاکہ خیبر پختونخوا کی سینیٹ نشستوں کا کیس پشاور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، خیبر پختونخوا سینیٹ نشستوں کے الیکشن کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے ہی رجوع کیا جائے۔  
دوران سماعت شعیب شاہین ایڈووکیٹ نےدعویٰ کیا  کہ وہاں پر (پشاور ہائی کورٹ میں) الگ معاملہ ہے،  شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ مخصوص نشستوں کا مسئلہ تھا، الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کو نشستیں دینے سے انکار کیا، سنی اتحاد کونسل نے اس کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ، بعد میں معاملہ سپریم کورٹ چلا گیا، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پر  منتخب ارکان کے حلف نہ لئے جانے پر خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن ملتوی کردیئے۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہاکہ تمام صوبوں کی سینیٹ نشستوں کی تعداد برابر ہے، فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کردیا گیا۔  باقی صوبوں اور اسلام آباد میں سینیٹ الیکشن ہوگئے ہیں، خیبر پختونخوا میں ملتوی کردیے گئے ہیں اورخیبرپختونخوا کے سینیٹروں کے بغیر  چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہونے جا رہا ہے۔

 دوران سماعت پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا کہ کل الیکشن ہے، اگر الیکشن روک دیں اور عید کے بعد الیکشن ہو جائے تو کیا حرج ہے؟ اس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ دیکھنا ہوگا الیکشن روک بھی سکتے ہیں یا نہیں۔

عدالت نے کل چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن رکوانے کی استدعا مسترد کردی۔

ہائیکورٹ نے درخواست پر رجسٹرار آفس کا  سینیٹروں کے انتخاب کا معاملہ پشاور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہونے کےاعتراض ختم کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔

سینیٹ کے چئیرمین کا انتخاب

سینیٹ کا اجلاس کل منگل کے روز  ہوگا جس میں گزشتہ ہفتے  منتخب ہونے والے سینیٹر  حلف اٹھائیں گے۔

نئے ارکان کا حلف ہونے کے بع صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے مقرر کردہ پریذائیڈنگ آفیسر سینیٹ کے چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین کا الیکشن قواعد کے مطابق کروائیں گے۔ اس الیکشن کے تمام انتظامات مکمل کئے جا چکے ہیں۔

 وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سینیٹ اجلاس کی بطور پریزائیڈنگ آفیسر صدارت کریں گے۔