سرکاری ملازمین اور طلبا کیلئے بڑی خوشخبری

سرکاری ملازمین اور طلبا کیلئے بڑی خوشخبری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قیصر کھوکھر)  سرکاری ملازمین اور طلبا کیلئے بڑی خوشخبری، پنجاب حکومت نے چہلم شہدائے کربلا اور عرس حضرت داتاگنج بخشؒ کے موقع پرآج 8اکتوبر کو مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا۔ 

پنجاب حکومت نے مقامی تعطیل کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی  جاری کر دیا، نوٹیفکیشن کے مطابق چہلم شہدائے کربلا اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے موقع پر 8 اکتوبر کو ضلع لاہور میں عام تعطیل ہوگی،لاہور میں سکول، کالج، یونیورسٹیاں اور سرکاری ادارے بند  رہیں گے  تاہم سول سیکرٹریٹ،صوبائی اور وفاقی دفاتر کھلے رہیں گے۔

برصغیر کی معروف روحانی شخصیت حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 977ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز کل رسم چادر پوشی سے ہوگیا،رسم چادرپوشی کی تقریب میں صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ 

حضرت علی ہجویری کا اسمِ گرامی علی کنیت ابوالحسن اور لقب گنج بخشؒ ہے۔ حضرت داتا گنج بخشؒ  ماہ ربیع الاوّل 373ہجری میں شہر غزنی کی ایک بستی ہجویر میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم ہجویر میں حاصل کی۔ آپ نے داتا گنج بخشؒ کے نام سے شہرت پائی اس بارے میں روایت عام ہے کہ جب حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمتہ اﷲ علیہ نے یہاں چلہ کر کے اور معتکف رہ کر فیض حاصل کیا تو یہ شعر پڑھا ۔

 گنج بخش فیض عالم مظہر نور خدا

ناقصاں را پیر کامل کاملاں را رہنما

نواسہ رسول ﷺ حضرت حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کا چہلم کل 8 اکتوبر کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، ملک بھر میں علم، ذوالجناح اور تعزیئے کے جلوس برآمد کیے جائیں گے اور مجالس عزا کا بھی انعقاد کیا جائے گا، علماء کرام شہدائے کربلا کی دین کیلئے خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔

قتلِ حسین اصل میں مرگ یزید ہے

اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد

روز عاشورہ سنہ 61 ہجری کو حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم کے پیارے نواسے حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اعزہ ؤ اصحاب کی مظلومانہ شہادت اور اس کے بعد خاندان رسول اکرم (ﷺ) کی عورتوں اور بچوں کی اسیری اور کوفہ ؤ شام کے درباروں اور بازاروں میں تشہیر کے چالیس دن پورے ہوجانے کی یادوں میں پورا عالم اسلام 20 صفر المظفر کو ہرسال امام مظلوم کا چہلم یا چالیسواں مناتا ہے۔

غریب سادہ و رنگیں ہے داستان حرم

نہایت اس کی حسینؑ ابتدا ہے اسماعیلؑ

دوسری جانب حکومت پنجاب نے چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر صوبے بھر میں دفعہ 144 لگانے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالےسے 4 سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی، جبکہ جلوس کے روٹ کے قریبی علاقوں میں موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر بھی پابندی لگانے پر غور کیا جا رہا ہے، دفعہ 144 کے نفاذ کی صورت میں اس کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب دفعہ 144اور موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی کے حوالے سے نوٹیفکیشن آج شام تک جاری کردے گا۔

Sughra Afzal

Content Writer