ن لیگ اور ایم کیو ایم کا مل کر الیکشن لڑنے کا اعلان

ن لیگ اور ایم کیو ایم کا مل کر الیکشن لڑنے کا اعلان
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤ دلشاد)پیپلز پارٹی کو بڑا جھٹکا،ایم کیو ایم نے ن لیگ سے ہاتھ ملا لیا۔ایم کیو ایم اور (ن) لیگ نے مشترکہ انتخابی حکمت عملی پر اتفاق کرتے ہوئے مل کر الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔

 سابق وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے وفد نے رائیونڈ میں مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔

 ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال شامل  تھے جب کہ (ن) لیگ کی طرف سے ملاقات میں شہباز شریف، مریم نواز، خواجہ سعد رفیق اور پرویز رشید بھی شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق ایک گھنٹے سے زائد کی اس ملاقات میں عام انتخابات، انتخابی اتحاد اور موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی جب کہ اس دوران پاکستان کے عوام کو معاشی دلدل سے نکالنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 ایم کیو ایم کے ذرائع کے مطابق نواز شریف نے سندھ کی ابترصورتحال، مردم شماری اور حلقہ بندیوں پر ایم کیو ایم کے مؤ قف کی تائید کی۔

 لاہور میں نواز شریف سے ملاقات کے بعد ایم کیوایم اور (ن) لیگ کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی جس میں سعد رفیق نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل ایم کیوایم سے سیاسی اتحاد ہوا تب ہی آج والا اتحاد طے پاگیا تھا، 8 فروری کا الیکشن رواداری کے ماحول میں لڑنے جارہے ہیں۔

 اس موقع پرفاروق ستار  نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل کسی ایک جماعت کے پاس نہیں، قومی معیشت کی بات ہو یا قومی سیاست کی کراچی کا کردار اہم ہے،مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ انتخابی اتحاد وزارتوں کے لیے نہیں لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے ہوگا،کراچی دودھ دینے والی گائے ہے تو اسے چارہ تو کھلائیں، 2013 میں کراچی کی 20 میں سے 17 نشستیں ایم کیوایم نے جیتی تھیں، ہم 2013 والی اپنی پوزیشن پر واپس جائیں گے۔