واسا نے سموگ سے بچاؤ کا حل نکال لیا

واسا نے سموگ سے بچاؤ کا حل نکال لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ذیشان صفدر ) واسا لاہور نے سائیکل چلاؤ دھواں مکاؤ کاعملی نمونہ پیش کردیا، بڑھتی سموگ کے پیش نظر ایم ڈی واسا سمیت افسران اور ملازمین سائیکل پر دفتر پہنچے۔

تفصیلات کے مطابق واسا لاہور کی جانب سے شہر میں سموگ کے تدارک کیلئے عملی مظاہرہ کیا گیا۔ ایم ڈی واسا سمیت افسران اور عملہ سائیکلوں پر دفاتر پہنچے۔ ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے بتایا کہ سموگ کے پیش نظر ہفتے میں ایک دن سائیکلوں پر دفاتر آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں میں آگاہی اور شعور اجاگر کرنا چاہتے ہیں، سائیکل چلانے کے متعدد فائدے ہیں۔ انسان کی صحت پر بھی سائیکلنگ سے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ڈی ایم ڈی ایف اے اینڈ آر محمد نوید مظہر، ڈی ایم ڈی انجنیئرنگ افتخار الدین نعیم سمیت دیگر افسران ہیڈ آفس سائیکلوں پر پہنچے۔

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ کی روک تھام کے حوالے سے مختلف مقامات پر بھٹے بند کرنے شروع کر دیئے گئے ہیں۔ پنجاب میں بھٹوں کی کل تعداد 7 ہزار 332 ہے، جن میں سے صرف 648 بھٹے ابھی تک زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو سکے ہیں۔ حکومت کی طرف سے سموگ کے پیش نظر زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹے 7 نومبر سے 31 دسمبرتک بند رکھےجائیں گے۔ سموگ کی روک تھام کے لیے 7 نومبر سے 31 دسمبر تک بھٹوں کو رضاکارانہ طور پر بند رکھا جائے گا۔

ایک رپورٹ کے مطابق ہر سال دنیا بھر میں فضائی آلودگی 70 لاکھ افراد کی اموات کی وجہ بنتی ہے۔ ان میں 6 لاکھ 15 سال سے کم عمر بچے ہوتے ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والے بھٹوں کو سیل کیا جارہا ہے جبکہ ان کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں گے۔ لاہور ڈویژن میں 165 بھٹے ہیں جن میں سے صرف 51 بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہوسکے۔