(ملک اشرف) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کا سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے بڑا اقدام،صوبہ بھر کی عدالتوں میں تیرہ لاکھ سے زائد مقدمات نمٹانے کے لیے سول ججز کی بھرتی کا فیصلہ کرلیا، سول ججز کی بھرتی کے لیے 17 سے 24 نومبر تک تحریری امتحانات ہوں گے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی منظوری کے بعد سولہ نومبر سے شروع ہونےوالے سول ججز کی بھرتی کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ سول ججز کی بھرتی کے لئے امیدواروں کو رول نمبر سلپیں جاری کردی گئیں۔لاہور سمیت صوبہ بھر کے 3143 امیدوار سول ججز کی بھرتی کے امتحان میں شرکت کریں گے ۔سول ججز کی بھرتی کے لئے بی اے ایل ایل بی اور دوسالہ وکالت پریکٹس کا تعلیمی معیار رکھا گیا ہے۔ لاہور بورڈ کے امتحانی سینٹرز ،ملتان بہاولپور اور راولپنڈی میں تحریری امتحانات لئے جائیں گے۔امیدواروں سے سول، فوجداری ، جنرل نالج ، انگلش سمیت سات مضامین کے امتحانی پیپرز لئے جائیں گے۔
امتحانات میں مجموعی طور ہر پچاس فیصد نمبرز لینے والے امیدواروں کو انٹرویوز کے لئے بلایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں کمیٹی سول ججز کی بھرتی کے لئے ہونے والے امتحان کی نگرانی کرے گی۔