( سٹی 42 ) کورونا کی دوسری لہر، شہر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 5 اموات جبکہ 158 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔ سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں 82 مریض زیر علاج ہیں، ایس او پیز فالو نہ کیے تو مارکیٹیں بند ہوسکتی ہیں، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیپٹن (ر) محمد عثمان نے خبردار کردیا۔
سٹی فورٹی ٹو کے پروگرام سٹی ایٹ ٹین میں گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت ہے، خیال نہ کیا تو مارکیٹیں بند بھی ہو سکتی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ کچھ بھی بند نہ ہو، کاروبار چلتے رہیں۔ کاروبار اس لیے کھولے گئے تھے کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شادی ہالز کو اوپن ایریا میں انتظامات کرنے کا کہا ہے۔ کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے میں سب کا بھلا ہے۔ شہری بھیڑ والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔
دوسری جانب وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کورونا کی صورتحال مسلسل مانیٹر کرہے ہیں۔ پنجاب میں 600 مقامات پر مائیکرو سمارٹ لاک ڈاﺅن کیا ہے، اگر کیسز بڑھے تو سٹریٹجی تبدیل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او کے اصولوں کے تحت ٹیسٹ کررہے ہیں، سکولز اور کالجز میں رینڈم سیمپلنگ کی جارہی ہے۔ شہری ماسک کا لازمی استعمال کریں، اگر شہریوں نے ایس اوپیز پر عمل نہیں کیا تو کیسز بڑھیں گے۔
چوبیس گھنٹوں میں لاہور میں کورونا سے مزید 5 مریض دم توڑ گئے ہیں۔ 158 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ہے۔ سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے 82 مریض داخل ہیں، جن میں سے 40 آئی سی یو اور 9 وینٹی لیٹر پر ہیں۔ کورونا وبا کے دوران لاہور میں اب تک 53 ہزار 165 شہری متاثرہ ہوئے اور 941 اموات ہوچکی ہیں۔
پنجاب بھر میں بھی کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں۔ صوبے بھر میں مجموعی طور پر 352 نئے مریضوں اور 9 اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔ پنجاب میں کورونا کیسز کی ابتک مجموعی تعداد 1 لاکھ 6 ہزار 208 جبکہ 2 ہزار 399 اموات ہوگئی ہیں۔ صوبے میں کورونا سے متاثرہ 97 ہزار 584 مریض ابتک صحت یاب ہوچکے ہیں۔