ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کورونا کی دوسری لہر میں شدت آگئی، پی ایم اے کا حکومت سےبڑا مطالبہ

کورونا کی دوسری لہر میں شدت آگئی، پی ایم اے کا حکومت سےبڑا مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی42)ملک میں کورونا کے تابڑتوڑ حملےجاری ہیں، وائرس سے ایک دن میں مزید 20افراد چل بسےجبکہ ایک ہزار، پانچ سو دو افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، 129افراد وینٹی لیٹر پر ہیں۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے خبردار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا کی دوسری لہر میں شدت آگئی، مریضوں کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھنے لگی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرکے اعداد و شمار کے مطابق 24گھنٹے کے دوران 34ہزار، 400ٹیسٹ کئے گئے،جن میں سے ایک ہزار، 502 کے ٹیسٹ مثبت آئے، جس کے بعد پاکستان میں کورونا کیسز بڑھ کر 3لاکھ، 41ہزار، 753تک پہنچ گئے ہیں۔ 

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ملک میں کورونا کی بڑھتی ہوئی سنگین صورت کو مدنظر رکھتے کہا کہ   کورونا کی دوسری لہر بہت مہلک ہے، اس سے بچاؤ کے لئے حفاظتی اوراحتیاطی تدابیر پر سختی سےعمل درآمد کرانا ہوگا بصورت دیگر مزید لوگ متاثر ہوسکتے ہیں، پی ایم اے نے کورونا کنٹرول اور احتیاطی اقدامات پر حکومت کی خدمات کا سراہا، ایک بیان میں کہا کہ حکومت ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف کارروائی ضرور کریں، تھوڑے جرمانے عائد کریں اور اس عمل پر سختی سے عملدرآمد کرائیں۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا کہناتھا کہ کورونا کی دوسری لہر  ایک مہینے میں 8 ڈاکٹرز کو اپنا شکار بناچکی ہے جو کہ انتقال کرچکے ہیں۔حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کرانے کے ساتھ ساتھ حکومت عوام میں ماسک کی مفت تقسیم کرے، ماسک اور سینیٹائزر کی قیمتیں بھی قابو میں رکھی جائیں، میڈیا بھی ہاتھ ملانے اور گلے ملنے کی تصاویر نہ چلائے۔حکومت ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کے لیے باقاعدہ پی پی ای فراہمی کا بھی بندوبست کرے،ہیلتھ کیئر ورکز کی ترجیحی بنیادوں پر حفاظت کرنی چاہئے اور حکومتی اعلان کردہ شہداء پیکیج کو فوری طور پر نافذ کیا جائے۔

واضح رہے کہ صرف 24گھنٹے کے دوران 20مریض جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد کورونا سے اموات کی تعداد 6ہزار، 943تک پہنچ گئی ہے،جبکہ 129مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔
این سی او سی کے مطابق سندھ میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ، 48ہزار، 922، پنجاب میں ایک لاکھ، 6ہزار، 208 ہے، خیبرپختونخوا میں 40ہزار، 285، اسلام آباد میں 21ہزار، 302کیس رپورٹ ہوچکے ہیں، جبکہ بلوچستان میں 16ہزار، 41، آزادکشمیر میں 4ہزار، 652 اورگلگت میں 4ہزار، 343 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں۔
ملک بھر کے734ہسپتالوں میں کورونا کے ایک ہزار، 57مریض زیرعلاج ہیں جبکہ 3لاکھ، 17ہزار، 898افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔


 

M .SAJID .KHAN

Content Writer