( زاہد چوہدری ) عدالت عالیہ کے حکم پر ٹیچنگ ہسپتالوں میں 29 روز سے جاری ہڑتال ختم، گرینڈ ہیلتھ الائنس کے نمائندوں کی پی آئی سی میں پریس کانفرنس، عدالتی فیصلے میں نجکاری کے قانون سے متعلق تحفظات دور کرنے اور انتقامی کارروائیاں واپس لینے کے احکامات دینے پر کل سے ہسپتال معمول کے مطابق کھلیں گے۔
لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں میں 29 روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا حکم دیئے جانے پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کا پی آئی سی میں اجلاس ہوا جس کے بعد ڈاکٹر سلمان حسیب چوہدری، ڈاکٹر قاسم اعوان، روینہ منظور اور ڈاکٹر اعجاز کهرل سمیت الائنس کی کور کمیٹی کے ارکان نے پریس کانفرنس میں ہڑتال کے خاتمے کا باضابطہ اعلان کیا۔
ڈاکٹر سلمان حسیب نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے ہڑتال کے حوالے سے طلب کیا۔ حکومت معاملات کو حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی، حکومت نے عدلیہ کے پیچھے چھپنے کی کوشش کی۔ الائنس کے نمائندوں کا کہنا تها کہ عدالتی حکم میں ایم ٹی آئی ایکٹ سے تعلق تحفظات دور کرنے اور ہڑتال کرنے پر ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کے خلاف انتقامی کارروائی واپس لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گرینڈ ہیلتھ الائنس نے عدالت کے حکم پر بننے والی کمیٹی کو ایم ٹی آئی ایکٹ سے متعلق تمام تحفظات اور سفارشات دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے نمائندوں نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سراہا۔