ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سنٹرل پنجاب کی ٹیم کامیابی کے قریب پہنچ گئی

سنٹرل پنجاب کی ٹیم کامیابی کے قریب پہنچ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حافظ شہباز علی) قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم ناردرن کے خلاف کامیابی کے قریب پہنچ گئی، بلوچستان کی ٹیم سدرن پنجاب کے خلاف مشکلات کا شکار ہے۔

کوئٹہ، فیصل آباد اور ایبٹ آباد سے پی سی بی کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں بلوچستان کی ٹیم فالو آن کا شکار ہوگئی ہے۔ سدرن پنجاب کے 502 رنز کے جواب میں بلوچستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں295 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، مڈل آرڈر بیٹسمین حسین طلعت اور کپتان عمران فرحت کے درمیان 119 رنز کی شراکت بھی ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نہ نکال سکی۔

حسین طلعت 89 اور عمران فرحت 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ بلوچستان کا کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا اور پوری ٹیم 80ویں اوور میں 295 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی،  پہلی اننگز میں بلوچستان کی آخری 5 وکٹیں محض51 رنزکے وقفے پر گرگئیں۔

 سدرن پنجاب کے میڈیم پیسر عمید آصف نے 57 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فالو آن کا شکاربلوچستان کی ٹیم کودوسری اننگز میں بھی مشکلات کا سامنا ہے، دن کے اختتام پر 30 کے مجموعی اسکور پر بلوچستان کے 2 کھلاڑی آوٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ چکے ہیں، عظیم گھمن 11 اور جلات خان 2 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں، بلوچستان کی ٹیم تاحال 177 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔

دوسری جانب اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ناردرن اور سنٹرل پنجاب کے درمیان میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا،میچ میں ناردرن کو جیت کے لیے 260 رنز جبکہ سنٹرل پنجاب کو 5وکٹیں درکار ہیں، سنٹرل پنجاب کے ظفر گوہر اور بلال آصف پر مشتمل اسپن جوڑی کی بدولت 381 رنز کے تعاقب میں 121اسکور پر ناردرن کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی ہے، دونوں اسپنرز تاحال میچ میں مشترکہ طور پر 12 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

 میچ کے تیسرے روز ذیشان ملک کے علاوہ ناردرن کا کوئی کھلاڑی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، ذیشان ملک 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے 2وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز سے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز کیا تو رضوان حسین نے 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 110 رنز بنائے۔

انہوں نے عمر اکمل کے ہمراہ 131 رنز کی شراکت قائم کی، عمر اکمل 73 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، 35 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی،  پہلی اننگز میں 8 وکٹیں حاصل کرنے والے ناردرن کے کپتان نعمان علی نے میچ میں 11 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کے 226 رنز کے جواب میں ناردرن کی پوری ٹیم 191 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، ادھر چھٹے راونڈ کے تیسرے روز بارش کے باعث ایبٹ آبادکرکٹ اسٹیڈیم میں کھیل کا آغاز نہ کیا جاسکا

Sughra Afzal

Content Writer