ویب ڈیسک :آئی ٹی کی دنیا میں نیا انقلاب ،چھوٹی اور طاقتور مائیکرو چیپ تیار، معروف کمپیوٹر ساز ادارے آئی بی ایم نےدنیا کی سب سے چھوٹی اور تیز ترین مائیکرو چپ تیار کرنےکا دعویٰ کردیا ۔2نینومیٹر چپ کی مدد سے سیل فون کی بیٹریاں چار گنا زیادہ دیر تک چل سکتی ہیں ۔
تفصیلات کےمطابق کمپیوٹر سازادارے آئی بی ایم کی جانب سےاعلان کیا گیا ہے کہ اس نے 2 نینومیٹر چیپ تیار کی ہے ، جو ابتک تیار کردہ سب سے چھوٹی ، طاقتور ترین مائیکروچپ ہے۔زیادہ تر کمپیوٹرچپس 10 یا 7 نینو میٹر پروسیس ٹیکنالوجی کااستعمال کرتے ہیں جبکہ کچھ مینوفیکچر 5 نینو میٹر چپس تیار کرتے ہیں۔ ماہرین کےمطابق چیپ جتنی چھوٹی ہوگی پروسیسر اتنا ہی اچھا تصور کیا جاتا ہے۔
آئی بی ایم کی نئی چپ 2 نینو پروسیس ٹیکنالوجی کا استعمال کرتی ہے ،سمارٹ فونز اور سپرکمپیوٹر کو مزید طاقتور بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔نئی چیپ کا سائز تقریباً ناخن کےبرابرہےاوراس میں50 ارب ٹرانزسٹر لگائےگئے ہیں جو معلومات کو پراسیس کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ آئی ٹی ماہرین کے مطابق توقع کی جا رہی ہے کہ 2 نینو کی چپ جدید ترین 7 نینو میٹر چپس کے مقابلے میں 45 فیصد بہتر کارکردگی دکھائے گی اور تقریباً 75 فیصد کم توانائی استعمال کرے گی۔2نینومیٹر چپ کی مدد سے سیل فون کی بیٹریاں چار گنا زیادہ دیر تک چل سکتی ہیں، لیپ ٹاپ کی رفتار میں بھی تیزی آئے گی۔ توقع کی جارہی ہے کہ 2024یا2025 کے آخر میں اس کی صنعتی پیمانے پر تیاری شروع کردی جائےگی۔