اساتذہ تنظیموں نے تنخواہوں سے کنوینس الاؤنس کی کٹوتی مسترد کردی

اساتذہ تنظیموں نے تنخواہوں سے کنوینس الاؤنس کی کٹوتی مسترد کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(جنید ریاض) ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن میونسپل کیڈر لاہور کےصدر اشفاق یونس کا کہنا ہے کہ سکولوں کی بندش کو موسم گرما کی تعطیلات کا نام دے کر اساتذہ کی تنخواہوں سےکٹوتی قابل قبول نہیں۔

اساتذہ تنظیموں نےلاک ڈاؤن کی وجہ سےسکولوں کی بندش کےدوران تنخواہوں سے کنوینس الاؤنس کی کٹوتی کو مسترد کردیا، صدر ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن میونسپل کیڈر لاہوراشفاق یونس کا کہنا ہےکہ سکولوں کی بندش کو موسم گرما کی تعطیلات کا نام دے کر اساتذہ کی تنخواہوں سےکٹوتی قابل قبول نہیں۔

صدر آل ٹیچرز ایسوسی ایشن اسحاق کمیانہ کا کہنا ہےکہ کنوینس الاؤنس ذاتی خرچےکےطور پر ملتا ہے،سکول آنے جانے کیلئے نہیں تاہم کٹوتی فی الفور بند کی جائے۔ نائب صدر  آل ٹیچرز ایسوسی ایشن میونسپل کیڈر آصف گوہر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے اساتذہ کی تنخواہوں سے کنوینس الاؤنس کی کٹوتی سمجھ سےبالاتر ہے۔انعام اللہ بھٹی کا کہنا ہے کہ اساتذہ نے کورونا وائرس فنڈز میں ایک روز کی تنخواہ بخوشی جمع کرائی ہے مگر کنوینس الاؤنس کی کٹوتی منظور نہیں۔

اساتذہ کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے کنوینس الاؤنس کی غیر قانونی کٹوتیاں بند نہ کی تو وہ احتجاج یا عدالتی راستہ اختیار کریں گے، فنانس رولز کے مطابق کنوینس الاؤنس اساتذہ کی تنخواہ کا حصہ ہےاور سروس ٹریبونل بھی اساتذہ کی تنخواہوں سے کٹوتی کو غیر قانونی قرار دے چکا ہے، اس لئےمحکمہ خزانہ پنجاب کو چاہیے کہ وہ کنوینس الاؤنس کی کٹوتیوں کو فوری بند کرے تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں اساتذہ سکھ کا سانس لیں سکیں۔

واضح رہے کورونا وائرس کی کٹوتیوں کے بعد حکومت نے پنجاب کے 4 لاکھ اساتذہ کی  تنخواہوں سے کنوینس الاؤنس بھی کاٹ لیا، حکومت نے گریڈ ایک سے سولہ تک کے اساتذہ کی تنخواہوں سے مئی کی تنخواہ میں سے چار سے پانچ ہزار روپے کٹوتی کی ہے جو کل ملا کر تقریبا ڈیڑھ ارب روپے بنتا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer