سٹی 42:لاہور کے علاقے چوہنگ میں ماں بیٹی سے رکشہ میں زیادتی کیس میں اہم پیش رفت۔انسداد دہشت گردی عدالت نے کیس کو سیشن عدالت منتقل کرنے کی درخواست خارج کر دی ۔
ملزمان کو جیل سے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ جج اعجاز احمد بٹر نے کیس کی سماعت کی۔ ملزمان نے کیس سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے اور سیشن عدالت منتقل کرنے کی درخواست دائر کی تھی ۔پراسیکیوٹر میاں محمد طفیل نے منتقلی کی درخواست کیخلاف دلائل دئیے کہ ملزمان نے گزشتہ سال 22 اگست کی رات کو ماں بیٹی کو اسلحے کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ماں بیٹی نے دونوں ملزمان کو شناخت کر لیا تھا۔پولیس نے ملزمان کیخلاف تمام شواہد کو چالان کا حصہ بنایا ہے۔پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ ملزمان نے ماں اور بیٹی کو گن پوائنٹ پر زیادتی کا نشانہ بنایا ، ڈی این اے رپورٹ سے بھی ملزمان کا جرم ثابت ہوتا ہے ۔عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے کیس سیشن عدالت منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی اورملزمان کو فرد جرم عائد کیلئے 14 مارچ کو طلب کر لیا۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ملزمان نے خواتین کو قتل کرنے کی دھمکیاں دے کر زیادتی کا نشانہ بنایا ۔ واضح رہے کہ پولیس نے ملزم عمر فاروق اور منصب کیخلاف چالان جمع کرا رکھا ہے ۔