( راؤ دلشاد حسین ) شہر کی پانچ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز میں سے صرف اے سی ماڈل ٹاؤن ذیشان رانجھا بازی لے گئے، زرعی انکم ٹیکس کی مد میں ٹارگٹ سے زیادہ ریکوری کی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اصغر جوئیہ نے اسسٹنٹ کمشنرز کی زرعی انکم ٹیکس ریکوری رپورٹ جاری کردی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اصغرجوئیہ نے شہر کی زرعی انکم ٹیکس کی رپورٹ جاری کردی۔ پانچ تحصیلوں کے اسٹنٹ کمشنرز میں اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان رانجھا سب پر سبقت لے گئے۔ سب سے زیادہ ریکوری قومی خزانے میں جمع کرانے میں کامیاب رہے۔ ذیشان علی رانجھا نے دیئے گئے اہداف کے مطابق 8 لاکھ 69 ہزار500 روپے اکھٹے کرنے تھے مگر وہ اپنے ہدف سے بھی بڑھ کر ریونیو اکھٹا کرنے میں کامیاب رہے۔
تحصیل شالیمار کے اسسٹنٹ کمشنر مہدی معلوف بھی 25 لاکھ 22 ہزار350 کے ہدف میں سے 9 لاکھ 44 ہزار 938 روپے وصول کر سکے۔ تحصیل کینٹ کی اسسٹنٹ کمشنر نے ایگری کلچر اِنکم ٹیکس کی مد میں 35 لاکھ 67 ہزار 200 جمع کرانے تھے لیکن ان کی وصولی کا ہدف 23 لاکھ 50 ہزار رہا۔
اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈعدنان رشید نے 52 لاکھ کی ریکوری میں سے 29 لاکھ وصول کرلیے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز صادق مری نے بھی اپنے ٹارگٹ 3 لاکھ 19 ہزار میں سے 2 لاکھ 94 ہزار 700 ریونیو قومی خزانے میں جمع کرادیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اصغر جوئیہ نے اے سی ماڈل ٹاؤن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے دیگر اسسٹنٹ کمشنرز کو کارگردگی بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔