(قذافی بٹ) وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے پیش نظر پنجاب کابینہ کے تمام وزراء کو شہر سے باہر جانے سے روک دیا گیا۔ وزرا ء آئندہ تین روز تک شہر سے باہر نہیں جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ہفتے کے روز 2 روزہ دورے پر لاہور آئیں گے، وزیراعظم کے دورہ لاہور کے موقع پر پنجاب کابینہ کے تمام وزراء کو شہر سے باہر جانے سے منع کردیا گیا ہے۔ وزراء کی وزیراعظم کے ساتھ ون آن ون ملاقاتیں ہونگی۔ وزراء وزیراعظم کو بتائیں گے کہ انہوں نے اب تک کیا کیا،آگے کیا کریں گے اور کتنا ٹارگٹ حاصل کیا۔ وزیراعظم کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کے اراکین کی وزارتوں کے قلمدانوں میں ردوبدل کا بھی امکان ہے۔ وزیراعظم گورنر پنجاب سے بھی الگ ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کو لاہور سمیت پنجاب بھر میں تمام بچوں کو سکول لانے کی پالیسی پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم گورنر ہاؤس میں موجود سکول میں بچوں کے داخلے کے ٹارگٹ کا اعلان بھی کریں گے ۔