(سٹی 42) لاہوریئے مضر صحت دودھ پینے سے بچ گئے، پنجاب فوڈاتھارٹی نے قصور سے لاہور جعلی دودھ سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا کیخلاف دھڑا دھڑ کارروائیاں جاری ہیں، آج علی الصبح فوڈ اتھارٹی نے جعلی دودھ کے 4 ٹرک پکڑ لیے، پی ایف اے نے کیمیکل اور پاؤڈر سے بنا 15 ہزار لٹر جعلی دودھ تلف کردیا۔
اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر)محمد عثمان کا کہنا تھا کہ ویجیلنس ٹیموں نے ریکی کرکے سپلائی چین کا پتہ لگایا، جعلی دودھ قصور سے تیار کر کے لاہور لایا جارہا تھا، جعلی دودھ لانے والے چاروں ٹرک اور ڈرائیورز کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ اصل مجرموں کاسراغ لگنے تک گاڑیاں، ڈرائیور حراست میں رہیں گے، ملاوٹ مافیا کھلے دودھ کے نام پرعوام کوزہرسپلائی کررہا تھا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ دودھ میں ملاوٹ کیلئےجامع پالیسی تیار کر رہےہیں، پاسچرائزشن پالیسی ہی دودھ میں ملاوٹ کا واحد حل ہے۔