مسافرٹرینوں میں خوفناک حادثہ؛ جاں بحق افراد کی تعداد 51 ہوگئی

مسافرٹرینوں میں خوفناک حادثہ؛ جاں بحق افراد کی تعداد 51 ہوگئی
کیپشن: Train Accident
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مانیٹرنگ ڈیسک:سندھ میں ڈھرکی کے قریب دو مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں،خوفناک حادثہ کے نتیجے میں 50مسافر جاں بحق جبکہ 70 سے زائد مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ 

 تفصیلات کے مطابق ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جا رہی تھی جو سامنے سے آنیوالی سرسید ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق  اب تک 50مسافر جان کی بازی ہار گئے،حادثہ صبح ساڑھے تین بجے  کے قریب پیش آیا، ریلوے کی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں ہیں۔ پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے کیلئے چھوٹی مشینری کے ذریعے بوگیوں کو کاٹا جارہا ہے۔ سول انتظامیہ کی مدد کیلئے پاک آرمی اور رینجرز کے دستے پہنچ چکے ہیں۔

ڈی سی گھوٹکی عثمان عبداللہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے جبکہ دیگر بوگیوں سے ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔کٹرز کی مدد سے بوگیوں کو کاٹ کر زخمیوں اور نعشوں کو نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال 30 نعشیں اور 63 زخمیوں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا 50 شدید زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کہا جا چکا ہے جبکہ 13 معمولی زخمیوں کو طبی امداد دی جا چکی ہے۔ دبی ہوئی بوگیوں سے ریسکیو آپریشن کی تکمیل میں مزید دو گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ شدید گرمی کے باعث ٹینٹ، ٹھنڈے پانی اور کھانے پینے کا انتظام کرلیا گیا ہے۔  

کراچی سے سرگودھا جانیوالی ملت ایکسپریس کو حادثے کا معاملہ، ٹرین حادثے کے باعث مین لائن ٹرینوں کیلئے بند کردی گئی۔ کراچی سے لاہور آنے اور جانیوالی ٹرینوں کو سٹیشنوں پر روک لیا گیا۔ٹرین خیبر میل کو رانی پور ریلوے سٹیشن، لاہور آنیوالی ٹرین گرین لائن کو گمبٹ ریلوے سٹیشن، بہاؤ الدین زکریا ایکسپریس کو گھوٹکی ریلوے سٹیشن، فرید ایکسپریس اور شاہ حسین ایکسپریس کو روہڑی سٹیشن پر روک لیا گیا۔
اسی طرح لاہور سے کراچی جانیوالی شاہ حسین کو احمد پور شرقیہ اور لاہور سے کراچی جانیوالی ٹرین عوام ایکسپریس کو لیاقت پور  جبکہ رحمان بابا ایکسپریس کو رحیم یار خان روک لیا گیا ہے۔