پاکستان میں تیار کردہ وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ این ڈی ایم اے کے حوالے

پاکستان میں تیار کردہ وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ این ڈی ایم اے کے حوالے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں تیار کردہ وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ این ڈی ایم اے کے حوالے کردی۔

وزیراعظم عمران خان نے این آر ٹی سی ہری پور کا دورہ کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر فواد چودھری اور زبیدہ جلال بھی ہمراہ تھے، وزیراعظم نے مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے وینٹی لیٹرز پروڈکشن یونٹ کا دورہ کیا اور وزیراعظم کو پاکستانی انجینئرز کے تیار کردہ وینٹی لیٹرز سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ وزیراعظم نے پاکستانی وینٹی لیٹرز کے 15 یونٹس این ڈی ایم اے کے حوالے بھی کیے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فوادچودھری نے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان میں وینٹی لیٹرز بنانے کے حوالے سے اہم دن ہے، ایک اہم سنگِ میل عبور کرلیا گیا ہے، میڈ اِن پاکستان وینٹی لیٹرز کا پہلا بیج این ڈی ایم اے کے حوالے کر دیا گیا، سیف وینٹ کا پہلا بیج وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے این ڈی ایم اے کے سپرد کیا گیا۔

وزیراعظم نے دیسی ساختہ وینٹی لیٹر تیار کرنے پر این آر ٹی سی اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے لئے ایک اہم کامیابی ہے اور پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

واضح رہےکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی صحت یابی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک متاثرہ ایک لاکھ 31 ہزار سے زائد مریض تندرست ہوگئے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 22 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے اور مزید 3344 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 50 مریض دم توڑ گئے,ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد  2 لاکھ 31 ہزار 818 اور اموات کی تعداد 4762 ہوگئی ۔

این سی او سی کے مطابق کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 94 ہزار سے زائد ہے جن میں سے 459 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 94 ہزار 528، پنجاب 81 ہزار 317، خیبر پختونخوا 28 ہزار 116، بلوچستان میں 10 ہزار 814، اسلام آباد میں 13494، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 561 اور آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک ہزار 342 ہوگئی۔

Sughra Afzal

Content Writer