(سٹی42) پاکستان سمیت دیگر ممالک کے طلباء جو کہ امریکی جامعات سے آن لائن کلاسیں لے رہے ہیں اور امریکا میں مقیم ہیں ان کو ملک چھوڑنے کا کہہ دیا گیا۔آن لائن کلاسز والے غیر ملکی طالبعلم امریکا میں نہیں رہ سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر امریکہ نےاہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام غیرملکی طلباء کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا،اس حوالے سےمحکمۂ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ نے غیر ملکی طالب علموں کے لیے اعلان کیا ہے کہ آن لائن کلاسیں لینے والے غیر ملکی طالب علم اب امریکا میں نہیں رہ سکیں گے۔آن لائن کلاسیں لینے والے غیر ملکی طالب علموں کا امریکا میں رہنا غیر قانونی قرار پائے گا۔
محکمۂ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ نے مزید ہدایت کی کہ غیر ملکی طلباء کو یا تو امریکا چھوڑنا ہو گا یا نئے سیمسٹر کے لیے کوئی آف لائن کورس لینا ہو گا،علاوہ ازیں قواعد کی پاسداری نہ کرنے والوں کو ملک بدری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔حکومت کے اچانک اس فیصلے پر بعض امریکی یونی ورسٹیوں نے حکومتی فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا۔امریکی سکولوں میں داخلے کے لئے طالب علموں کو ویزا جاری نہیں کیا جائے گا، موسم خزاں کےسمسٹر کے لئے غیر ملکی طلباء کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
امریکی حکومت کی جانب سے فیصلہ کورونا کی روک تھام کے باعث کیا گیا،امریکی حکومت کے اس بڑے فیصلے پر غیر ملکی طلباء پریشان ہیں اب ملک چھوڑنا پڑے گا یاکسی اور ادارے میں داخلہ لینا ہوگا۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں مہلک وبا کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 13 لاکھ سے بڑھ گئی جب کہ 5 لاکھ 32 ہزار سے زائد لوگ جان سے گئے۔ گزشتہ روزمزید ایک لاکھ 89 ہزار مریض سامنے آئے، جس کے بعد امریکا میں مریضوں کی تعداد 29 لاکھ 35 ہزار سے زائد اور برازیل میں 15 لاکھ 78 ہزار سے زائد ہو گئی۔