عیدالاضحیٰ پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم

 عیدالاضحیٰ پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سول سیکریٹریٹ (قیصر کھوکھر) محکمہ داخلہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو عیدالاضحیٰ پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیدیا، اس حوالے سے مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے، صنعتوں، دکانوں اور مارکیٹوں کو چیک کیا جائے، ضلع اورڈویژن کی سطح پر پیس کمیٹیوں کو متحرک کیا جائے۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر صنعتیں، دکانیں اور مارکیٹیں بند کرائی جائیں، شہریوں کے ماسک پہننے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔

دوسری جانب سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن( ر) محمد عثمان نے  پنجاب میں مویشی منڈیاں لگانے کیلئے ایس او پیز جاری کردیئے، ایس او پیز کے مطابق مویشی منڈیاں کھلی جگہ پر لگائی جائیں گی جہاں سماجی فاصلہ ممکن ہو سکے، مویشی باڑے، انتظامی دفاتر اور میڈیکل کیمپ کھلے اور ہوا دار ہوں گے،داخلی اور خارجی راستے الگ الگ ہوں گے اور محدود داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

بچوں، بزرگوں اوربیمار افراد کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، مویشی منڈیوں میں داخلی راستوں پر قطار سسٹم ہوگا، گاہکوں کو مویشوں کے باڑے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، ماسک کے بغیر کوئی بھی شخص منڈی میں داخل نہیں ہوگا، مویشی منڈی میں لائیو سٹاک کی طرف سے میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے اور بیمار افراد کی اطلاع فوری طور پر 1033 پر دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں 10 مویشی منڈیاں لگانے کی تیاریاں جاری ہیں، نشترزون کے زیرِ کنٹرول شہر کی سب سے بڑی منڈی ایل ڈی اے سٹی میں لگے گی جو 6 ہزار 3 سو کنال اراضی پر مشتمل ہوگی، جہاں سات لاکھ سے زائد جانوروں کی خریدوفروخت ہوسکے گی۔

Sughra Afzal

Content Writer