(علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے ملاقات کی، ملاقات میں فلاح عامہ کے منصوبوں، حلقے کے مسائل اورصنعتی عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوران ملاقات وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے ساتھ لاہورکی ڈویلپمنٹ پر بھی پورا فوکس ہے، لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈ چائلڈ ہسپتال پر کام جاری ہے، وزیراعظم عمران خان نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فردوس مارکیٹ انڈر پاس پراجیکٹ پر دن رات کام ہو رہا ہے، لاہور کے سیوریج کے نظام کو بہتر بنائیں گے، صوبائی دارالحکومت میں عوام کو مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ لاہور کے عوام کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں کورونا کی وجہ سے صنعتی و کاروباری سرگرمیاں کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کیلئے 18 ارب روپے کا ٹیکس ریلیف پیکیج دیا، رواں مالی سال میں 56 ارب روپے کا ریلیف پیکیج دیا گیا ہے تاکہ صنعت و کاروبار کو سہارا مل سکے۔
بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں مختلف اضلاع کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی، ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کیلئے افسروں کی تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے تاریخی اقدام قرار دیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ وسائل کی کمی ترقی کیلئے ہمارے عزم کی راہ میں حائل نہیں ہوسکتی، ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل میں ارکان اسمبلی کی مشاورت یقینی بنائی جائے گی، صوبے میں ون مین شو کے منفی کلچر کا خاتمہ کیا ہے، اب سب کام مشاورت سے ہوتے ہیں، ترقی کی روشنی ایک جگہ محدود نہیں ہوگی، ارکان اسمبلی کی تجاویز اور سفارشات میرے لئے بے حد اہمیت کی حامل ہیں، پنجاب کے زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنیوالوں میں چیف وہیپ قومی اسمبلی عامر ڈوگر، شوکت علی بھٹی، نواب شیر وسیر اور حاجی امتیاز شامل تھے، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیوں کی شدید مذمت کی، وزیر اعلیٰ نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے نکیال سیکٹر میں بچوں، خواتین سمیت 5 زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔
وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت بورڈ آ ف ریونیو میں اصلاحات کیلئے مجوزہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا، سینئر ممبر بورڈآف ریونیو نے محکمے میں اصلاحات اوراراضی سنٹرز کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ریونیو کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے بنیادی اصلاحات کی جائیں گی، ریونیو کا ایسا نظام وضع کیا جائے گا جس سے عوام کو سہولت ملے۔
عثمان بزدار نے بورڈ آ ف ریونیو میں اصلاحات کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، کمیٹی 7روز میں بنیادی اصلاحات کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں فیصلے کیے جائیں گے، ماضی کے حکمرانوں نے پٹوار کلچر کے خاتمے کے خالی نعرے لگائے اور سابق دور میں پٹوار کلچر کے خاتمے کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھا یا گیا۔