(محسن شیرازی)پاراچنار سے پشاور جانیوالی مسافر کوچ پر مسلح افراد کا حملہ ، فائرنگ سے خاتون سمیت 4افراد جاں بحق ، 3زخمی ہوگئے۔
ڈی پی او کرم محمد عمران کے مطابق صدہ کے قریب مسافر کوچ اور کار پر مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی، مسلح افراد کی فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔
ڈی پی او کرم نے بتایا کہ حملہ آوروں نے پاراچنار سے پشاور جانے والی دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا، فائرنگ سے ایک گاڑی کا ڈرائیور، 2 سیکورٹی اہلکار اور ایک خاتون جاں بحق ہوئی۔محمد عمران کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کی کوشش کی جارہی ہے اور علاقے میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل چلاس میں بھی مسافر بس پر فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔